سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے اسٹاک مارکیٹ کے اسلامی شریعہ آل شیئر انڈیکس کی شرعی اسکریننگ پر نظرثانی کر دی ہے جس کے تحت کمپنیوں کے غیر شرعی قرض اور سرمایہ کاری کی حدوں میں کمی کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق کمپنیوں کے غیر شرعی قرض کی حد 37 فیصد سے کم کر کے 33 فیصد کر دی گئی ہے جبکہ غیر شرعی سرمایہ کاری کی حد 33 فیصد سے کم کر کے 30 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی شریعہ کمپلائنٹ انڈیکس میں شامل کمپنیوں کو 3، 4 اور 5 اسٹار ریٹنگ دی جائے گی۔
ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ شریعہ کمپلائنٹ انڈیکس کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کیا گیا ہے جس سے شریعہ کمپلائنٹ حصص پر سرمایہ کاروں کا اعتماد مضبوط ہوگا۔ نئی لسٹڈ کمپنیوں کی عبوری شمولیت کے لیے بھی طریقہ کار متعارف کرایا گیا ہے۔
یہ اقدامات پاکستان کو 2027 تک ربا فری بنانے کی کوششوں کا حصہ ہیں جبکہ نان بینکنگ فنانشل سیکٹر اور کیپیٹل مارکیٹ کو ربا فری بنانے کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ایس ای سی پی نے ہدایت دی ہے کہ اسٹاک ایکسچینج اسلامی انڈیکسز کی فہرست کی سہ ماہی اپ ڈیٹ کرے۔