سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے بعض میڈیا رپورٹس اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایس ای سی پی کسی سرگرمی کی تحقیقات کر رہا ہے جس کے تحت اسٹاک مارکیٹ کو جان بوجھ کر گرایا گیا یا بروکرز کے کسی کارٹل نے مارکیٹ کو ڈمپ کیا۔
ایس ای سی پی نے واضح کیا ہے کہ مارکیٹ کی نگرانی ایک جدید اور خودکار نظام کے ذریعے مسلسل کی جاتی ہے اور اتار چڑھاؤ مختلف معاشی اور مالی عوامل کی وجہ سے ہوتا ہے۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ کسی ایک وجہ یا مفروضہ سازش سے مارکیٹ کی تبدیلی کو منسوب کرنا درست نہیں۔
ایس ای سی پی نے سرمایہ کاروں سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف مستند ذرائع پر اعتماد کریں اور افواہوں یا غیر مصدقہ خبروں پر توجہ نہ دیں تاکہ مارکیٹ میں بے یقینی یا غلط فہمی نہ پھیلے۔