ٹیکس دہندگان کو سرکاری ڈیوٹیز اور ٹیکسز کی اوور دی کاؤنٹر ادائیگی میں سہولت فراہم کرنے کی غرض سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی درخواست پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام کمرشل بینکوں کی وہ برانچیں (بشمول کسٹم وصولی کے معاملات دیکھنے والی نیشنل بینک کی برانچیں) جو ہفتے کو کھلی رہتی ہیں، وہ ہفتہ 28 فروری 2026ء کو صبح 9:00 بجے سے دوپہر 1:00 بجے تک کھلی رہیں گی۔
بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی متعلقہ برانچیں 28 فروری 2026ء کو اُس وقت تک کھلی رکھیں جب تک نفٹ کے ذریعے سرکاری ٹرانزیکشن کی خصوصی کلیئرنگ میں سہولت کے لیے ضروری ہو۔
مزید برآں، بینکوں کو یہ بات بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے کہ آن لائن ادائیگی کے اپنے چینل یعنی انٹرنیٹ بینکاری، موبائل ایپ، اے ٹی ایم، اور دیگر ڈجیٹل پلیٹ فارم بلا تعطل دستیاب رکھیں تاکہ سرکاری ڈیوٹی اور ٹیکسوں کی آن لائن ادائیگی میں ٹیکس دہندگان کو سہولت دی جاسکے۔