بھارت کی پراکسی طالبان کو پاکستان کی افواج کا منہ توڑ جواب ملے گا، خواجہ آصف

image

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کی بہادر افواج اس وقت بھارت کی پراکسی طالبان اور افغان جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دے رہی ہیں اور ان شاء اللہ دشمن کی شکست مقدر ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں انہوں نے کہا کہ نیٹو کی افواج کے انخلاء کے بعد امید کی جا رہی تھی کہ افغانستان میں امن قائم ہوگا اور طالبان افغان عوام کے مفادات اور خطے میں امن پر توجہ دیں گے، مگر حقیقت یہ ہے کہ طالبان نے افغانستان کو بھارت کی کالونی بنا دیا۔

وزیردفاع نے کہا کہ طالبان نے دنیا بھر کے دہشت گردوں کو افغانستان میں اکٹھا کر لیا اور دہشت گردی کو ایکسپورٹ کرنا شروع کر دیا، جبکہ افغان عوام کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم کر دیا گیا اور خواتین کے حقوق چھین لیے گئے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے براہِ راست اور دوست ممالک کے ذریعے حالات کو نارمل رکھنے کی تمام کوششیں کیں، بھرپور سفارت کاری کی، لیکن طالبان بھارت کی پراکسی بن گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج جب پاکستان کو جارحیت کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، ہماری افواج نے فیصلہ کن جواب دیا۔

وزیر دفاع نے واضح کیا کہ پاکستان کی فوج سمندر پار سے نہیں آئی، بلکہ ہمسائے کے طور پر زمینی حقائق سے بخوبی واقف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا صبر لبریز ہو چکا ہے اور اب کھلی جنگ کا وقت آ گیا ہے، بھرپور جواب دینے کے لیے افواج ہر لمحہ تیار ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US