یکم مارچ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 7 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
آئل انڈسٹری کی جانب سے مجوزہ اضافے سے متعلق ورکنگ پیپر Oil and Gas Regulatory Authority (اوگرا) کو ارسال کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 58 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 4 روپے 73 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز شامل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا کل اپنی سفارشات حکومت کو بھجوائے گا جس کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ حکومت ریونیو اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے قیمتوں میں رد و بدل کا فیصلہ کرے گی۔
ذرائع کے مطابق اگر ٹیکسز اور پیٹرولیم لیوی میں اضافہ کیا گیا تو قیمتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے، تاہم ٹیکسز یا لیوی میں کمی کی صورت میں مجوزہ اضافہ کم یا قیمتیں برقرار رکھنے کا امکان بھی موجود ہے۔