وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے کم لاگت ہاؤسنگ اسکیم کی نظرثانی شدہ شرائط اور اہم ترقیاتی منصوبوں کے لیے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دے دی۔
اجلاس وزارتِ خزانہ میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں مختلف وزارتوں کی جانب سے پیش کی گئی سمریوں پر غور کیا گیا۔
ای سی سی نے وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی جانب سے پیش کی گئی "میرا گھر میرا آشیانہ" (ایم جی ایم اے) مارگیج فنانسنگ اسکیم کی نظرثانی شدہ خصوصیات کی منظوری دے دی۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ اسکیم کے اجرا کے بعد سے عوامی سطح پر بھرپور ردعمل سامنے آیا اور اب تک 10 ہزار 594 سے زائد قرض درخواستیں موصول ہوچکی ہیں جبکہ قرضوں کی فراہمی کا عمل جاری ہے۔
منظور شدہ ترامیم کے تحت قرض کی حد بڑھا کر 1 کروڑ روپے تک کردی گئی ہے، گھر کے سائز کی اہلیت کے معیار میں توسیع کی گئی ہے اور صارفین کے لیے یکساں 5 فیصد مارک اپ ریٹ مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ چار سالہ مدت کے لیے ہاؤسنگ فنانس کے اہداف مقرر کیے گئے ہیں جبکہ اسکیم کا نفاذ اسٹیٹ بینک کے طریقہ کار کے تحت جاری رکھا جائے گا۔ پہلے سے جاری قرضوں کو بھی نظرثانی شدہ 5 فیصد شرح پر ایڈجسٹ کیا جائے گا تاکہ یکسانیت برقرار رہے۔
ای سی سی نے واضح کیا کہ سبسڈی کی ادائیگیاں حقیقی قرض اجرا کے مطابق ہوں گی اور انہیں سالانہ مالی گنجائش کے اندر رکھا جائے گا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے کم لاگت رہائش تک رسائی بڑھے گی، تعمیراتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور پائیدار گھر مالکانہ نظام کو تقویت ملے گی۔
اجلاس میں وزارتِ داخلہ و انسدادِ منشیات کی جانب سے "نیشنل پروگرام فار انہانسنگ کمانڈ ایریاز اِن برانی ایریاز آف پاکستان" کے آئی سی ٹی جزو کے لیے 72 لاکھ 89 ہزار روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی، جس کا مقصد بارانی علاقوں میں زرعی پیداوار کو بہتر بنانا ہے۔
علاوہ ازیں ریلوے ڈویژن کی سمری پر تھر کول ریل کنیکٹیویٹی منصوبے کے لیے 6 ارب 61 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ بطور بجٹ سپورٹ منظور کی گئی۔ اس منصوبے کا مقصد مقامی کوئلے کو پاور پلانٹس اور صنعتی شعبے تک پہنچانا ہے تاکہ توانائی کے شعبے کو تقویت ملے اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم کیا جا سکے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی جبکہ متعلقہ وزارتوں اور اداروں کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔