ٹی 20 ورلڈکپ: پاکستان نے سری لنکا کو 5 رنز سے شکست دے دی

image

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 8 مرحلے میں پاکستان نے سری لنکا کو 5 رنز سے شکست دے دی، لیکن بدقسمتی سے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی نہ کر سکا۔

سری لنکن کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے اہم میچ کے لیے بابراعظم، صائم ایوب اور سلمان مرزا کو پلیئنگ الیون سے ڈراپ کیا، اور ان کی جگہ نسیم شاہ، خواجہ نافع اور ابرار احمد کو شامل کیا گیا۔

پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 212 رنز بنائے۔ صاحبزادہ فرحان نے 100 رنز کی سنچری اور فخرزمان نے 84 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر مجموعی طور پر 176 رنز کی شراکت قائم کی۔ یہ صاحبزادہ فرحان کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کی دوسری سنچری تھی، جس سے وہ ایک ایڈیشن میں دو سنچریاں بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔مزید بیٹرز میں خواجہ نافع 2، شاداب خان 7 اور محمد نواز و سلمان آغا صفر پر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا نے 213 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 6 وکٹ پر 207 رنز بنائے۔ کپتان شناکا نے 76 رنز اور پوون رتنائیکے نے 58 رنز کی اننگز کھیلیں۔ پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ نواز، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے سری لنکا کو 147 یا اس سے کم پر آؤٹ کرنا تھا، لیکن پاکستانی بولرز یہ ہدف حاصل نہ کر سکے۔ نتیجتاً گرین شرٹس ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 سے باہر ہوگئے۔ گروپ 2 سے نیوزی لینڈ 3 پوائنٹس اور بہتر رن ریٹ کی وجہ سے سیمی فائنل میں پہنچ گیا جبکہ انگلینڈ پہلے ہی فائنل 4 میں جگہ بنا چکا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US