پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تاریخی گراوٹ دیکھی گئی، جہاں ہنڈریڈ انڈیکس ایک دن میں 16089 پوائنٹس گر کر 151973 پوائنٹس پر بند ہوا۔ غیر معمولی مندی کے باعث مارکیٹ میں سرمایہ کاروں میں شدید گھبراہٹ پھیلی اور ایک گھنٹے کے لیے ٹریڈنگ روک دی گئی۔
مارکیٹ ماہرین کے مطابق ایران پر حملوں اور خطے میں جنگ پھیلنے کے خدشات کے باعث سرمایہ کاروں نے بڑے پیمانے پر سرمایہ نکالنا شروع کر دیا، جس سے مارکیٹ میں تاریخی گراوٹ ریکارڈ کی گئی۔ ایک دن میں 16 حدیں ضائع ہو گئیں، جو تاریخ میں غیر معمولی شمار ہوتی ہیں۔
اس صورتحال کے پیش نظر اسٹاک ایکسچینج میں کرائسز منیجمنٹ سیل کا اجلاس طلب کیا گیا، جس میں نیشنل کلیئرنگ، پی ایس ایکس اور سینٹرل ڈیپازیٹری کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں سودوں کی ہموار سیٹلمنٹ اور مارکیٹ میں خرید و فروخت کے امور کا جائزہ لیا گیا۔