امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان حالیہ حملوں اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کے اثرات عالمی معیشت پر نمایاں ہونے لگے ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں مسلسل تیسرے روز بھی مندی دیکھی جا رہی ہے۔
پاکستان میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ہنڈریڈ انڈیکس میں کاروبار کے آغاز پر دو ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم بعد ازاں مارکیٹ میں جزوی ریکوری دیکھنے میں آئی اور 100 انڈیکس 381 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 1,57,514 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتا رہا۔
ادھر کورین اسٹاک ایکسچینج میں 6 فیصد تک گراوٹ ریکارڈ کی گئی جبکہ جاپان کی منڈیوں میں 3 فیصد کمی دیکھی گئی۔ منگل کو امریکی مارکیٹس میں بھی منفی رجحان غالب رہا جس سے سرمایہ کاروں کے خدشات میں اضافہ ہوا۔
عالمی کموڈیٹی مارکیٹ میں بھی شدید اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے۔ برینٹ خام تیل کی قیمت بڑھ کر 83 ڈالر فی بیرل کی سطح پر پہنچ گئی، جب کہ سونے کی فی اونس قیمت میں 88 ڈالر اضافہ ہوا اور یہ 5,176 ڈالر تک جا پہنچی۔