مشرق وسطیٰ کی بگڑتی صورت حال کے باعث ملک بھر کی تیل کمپنیوں نے پیٹرول پمپس کا کوٹہ مقرر کردیا۔
پیٹرولیم ڈیلرز کے مطابق تمام پیٹرول پمپس کو چھ مہینے کی اوسط فروخت کے حساب سے کوٹہ دیا جارہا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں ریٹ بڑھنے کے باعث مقامی طور پر بھی پیٹرول کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا خدشہ ہے۔
ذرائع کے مطابق قیمت میں ممکنہ اضافے کے پیش نظر پیٹرول پمپس کی طرف سے بڑے پیمانے پر آرڈرز آرہے ہیں۔ منافع کے حصول کے لیے وہ پمپس بھی زیادہ آرڈر کر رہے ہیں جن کی فروخت کا چھ ماہ کا اوسط کم ہے۔
کوٹہ مقرر کیے جانے سے تمام پمپس کو سپلائی دی جاسکتی ہے۔
پیٹرولیم ڈیلر کے مطابق قیمتوں میں ممکنہ اضافے کے باعث پیٹرول اور ڈیزل کی فروخت میں بھی زبردست اضافہ ہورہا ہے۔ صورت حال کے پیش نظر پیٹرولیم ڈیلرز نے بھی ہنگامی پریس کانفرنس طلب کرلی ہے۔
پیٹرولیم ڈیلرز آئندہ 24 گھنٹوں میں کراچی میں اہم پریس کانفرنس کریں گے۔