پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کے دوران زبردست تیزی دیکھنے میں آئی اور مارکیٹ شاندار ریکوری کے ساتھ مثبت اختتام پر بند ہوئی۔
ٹریڈنگ کے دوران سرکاری و نجی مالیاتی اداروں کی بھرپور خریداری کے باعث ہنڈریڈ انڈیکس میں ایک موقع پر 5700 پوائنٹس تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 5433 پوائنٹس کے اضافے سے 161210 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
مارکیٹ میں تیزی کے باعث 156000، 157000، 158000، 159000، 160000 اور 161000 پوائنٹس کی مجموعی طور پر چھ حدیں بحال ہوگئیں۔
کاروباری سیشن کے دوران بینکنگ، آئل اینڈ گیس، سیمنٹ، فرٹیلائزر اور انرجی سیکٹر کے شیئرز میں نمایاں خریداری دیکھنے میں آئی جس نے مارکیٹ کو اوپر لے جانے میں اہم کردار ادا کیا۔
آج کے کاروبار میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی واضح رہی اور 35 ارب روپے سے زائد مالیت کے 72 کروڑ شیئرز کا لین دین ریکارڈ کیا گیا۔