پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہیڈ کوچ اور کپتان پر اعتماد برقرار رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹی ٹوئنٹی کپتان سلمان علی آغا اور وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن معاہدے کے مطابق اپنا کام جاری رکھیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کپتان کی چئیرمین سے الگ الگ ملاقاتیں بھی ہو چکی ہیں جس کے بعد سلمان علی آغا کو کام جاری رکھنے کا گرین سگنل دیا گیا ہے۔
اسی طرح ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر عاقب جاوید پر بھی اعتماد برقرار ہے اور وہ اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے جبکہ سلیکشن کمیٹی بھی معمول کے مطابق کام کرتی رہے گی۔
دوسری جانب سلیکٹر علیم ڈار کا استعفیٰ منظور کر لیا گیا ہے۔ پی سی بی نے علیم ڈار کا نام سلیکشن کمیٹی سے نکال کر آفیشل ویب سائٹ پر اپڈیٹ کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق علیم ڈار نے قومی ٹیم کی ناقص پرفارمنس پر عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔
نئی سلیکشن کمیٹی میں عاقب جاوید، مصباح الحق، سرفراز احمد اور اسد شفیق شامل ہیں جبکہ سرفراز احمد اور مصباح الحق کو آفیشل طور پر سلیکٹر بنا دیا گیا ہے۔ یہ دونوں پہلے بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے لیے کام کر رہے تھے۔