سیالکوٹ میں حاجی پورہ روڈ پر واقع ایک پیٹرول پمپ پر مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک ملازم جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان اپنی گاڑی میں پیٹرول ڈلوانے کے بعد کین میں مزید 10 لیٹر پیٹرول ڈالنے کا مطالبہ کر رہے تھے تاہم پمپ انتظامیہ نے کین میں اضافی پیٹرول دینے سے انکار کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کے انکار پر ملزمان نے طیش میں آ کر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں پیٹرول پمپ کا ایک ملازم موقع پر جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ زخمی کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگئے جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
یاد رہے کہ پیٹرول کی ممکنہ قلت کی خبروں کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں پیٹرول پمپس پر شہریوں کا رش دیکھا جا رہا ہے۔