سوئی سدرن گیس کمپنی نے صنعتوں کے لیے ہفتے میں دو دن گیس بندش کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے گیس فراہمی کا پرانا شیڈول بحال کر دیا ہے۔
کمپنی کے مطابق اب صنعتوں کو صرف ایک دن گیس بندش کا سامنا کرنا پڑے گا۔ نئے شیڈول کے تحت صنعتوں کو اتوار صبح 8 بجے سے پیر صبح 8 بجے تک گیس فراہم نہیں کی جائے گی۔
یاد رہے کہ سوئی سدرن نے 3 مارچ کو سندھ بھر کی صنعتوں کو ہفتے میں دو دن گیس بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، تاہم اب اس فیصلے کو واپس لے لیا گیا ہے۔
سوئی سدرن کے مطابق سسٹم میں گیس کی کمی کے باعث لائن پیک متاثر ہوا ہے، جس کی وجہ سے گیس فراہمی کے شیڈول میں تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب کراچی چیمبر آف کامرس نے صنعتوں کے لیے دو دن گیس بندش کے فیصلے کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔ چیمبر کے صدر کا کہنا تھا کہ برآمدات پہلے ہی کم ہو رہی ہیں اور دو دن گیس بند ہونے سے صنعتی پیداوار اور برآمدات مزید متاثر ہوتیں۔
سوئی سدرن نے اس سے قبل گھریلو صارفین کے لیے بھی رمضان کے دوران گیس فراہمی کا شیڈول تبدیل کیا تھا جس کے تحت اب سحری اور افطار کے اوقات کے علاوہ دیگر اوقات میں لائن پیک کے مطابق گیس فراہم کی جا رہی ہے۔