پورٹ قاسم میں زمین سے متعلق کاروباری برادری کی شکایات کے حل کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ یہ کمیٹی وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری کی ہدایت پر تشکیل دی گئی ہے۔
وزیر بحری امور کے مطابق کمیٹی کا مقصد پورٹ قاسم میں سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانا اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل کا فوری اور شفاف حل فراہم کرنا ہے۔
کمیٹی زمین سے متعلق موصول ہونے والی شکایات کا تفصیلی جائزہ لے گی اور اپنی سفارشات پورٹ قاسم اتھارٹی بورڈ کو پیش کرے گی۔ ساتھ ہی وفاقی وزیر کے کمپلینٹ سیل اور پورٹ اتھارٹی کو موصول دیگر شکایات پر بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
محمد جنید انوار چوہدری نے کہا کہ شکایات اور درخواستوں کے حل کے لیے ایک معیاری طریقہ کار تیار کیا جائے گا تاکہ معاملات تیز اور شفاف طریقے سے نمٹائے جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے بندرگاہی نظام میں بہتری آئے گی اور میری ٹائم و لاجسٹکس سیکٹر میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت بحری امور کو کمیٹی کی پیش رفت سے باقاعدگی سے آگاہ رکھا جائے گا تاکہ مسائل کے حل میں شفافیت اور تیز رفتاری برقرار رہے۔