اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس کا تفصیلی اعلامیہ جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث عالمی اور مقامی معاشی صورتحال غیر یقینی کا شکار ہو گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق خطے میں کشیدگی کے باعث تیل اور دیگر اجناس کی عالمی قیمتوں اور سپلائی چین پر شدید دباؤ پیدا ہوا ہے جبکہ تنازع کے باعث ایندھن کی عالمی قیمتوں میں بھی تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ اس تنازع کی شدت اور اس کا دورانیہ پاکستانی معیشت پر پڑنے والے اثرات کے تعین میں اہم کردار ادا کرے گا۔
مانیٹری پالیسی کمیٹی نے اجلاس میں نوٹ کیا کہ مہنگائی پر قابو پانے کے اقدامات، زرمبادلہ کے ذخائر اور مالیاتی بفرز معیشت کو سہارا دے رہے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق موجودہ چیلنجز کے باوجود معاشی تخمینے اب بھی مقررہ حدود کے اندر ہیں تاہم غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر مانیٹری پالیسی کمیٹی نے شرح سود کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔