وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ پاکستان میں کسی بھی نیلامی کے عمل کو براہ راست نشر کیا جائے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پوری دنیا نے آج پاکستان میں فائیو جی سپیکٹرم کی شفاف بولی کو دیکھا، جو سافٹ ویئر کے ذریعے آن لائن آکشن کے ذریعے منعقد ہوئی۔ انہوں نے تمام ٹیلی کام کمپنیوں کی شرکت پر شکریہ ادا کیا۔
عطاء اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ کسی بھی نجی شعبے کے ادارے کا سرکاری شعبے پر اعتماد اور عمل کی شفافیت کو تسلیم کرنا بڑی کامیابی ہے۔ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹرز کے باہمی تعاون سے معیشت کا پہیہ آگے بڑھتا ہے اور آج کی بولی حکومت پر اعتماد کا مظہر ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی سے پاکستان میں ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کے حوالے سے انقلاب آئے گا، جس سے ملک میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں اضافہ ہوگا اور معیشت میں ترقی کے نئے دروازے کھلیں گے۔