کراچی میں ٹریفک حادثات، ٹریلر اور ٹینکر کی ٹکر سے تین نوجوان جاں بحق

image

کراچی کے علاقے کریم آباد فرنیچر مارکیٹ کے قریب ایک ٹریلر کی ٹکر سے دو نوجوان بھائی جاں بحق ہوگئے۔

جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 15 سال کے تابش اور 16 سال کے عاطف کے نام سے ہوئی ، دونوں بھائی عزیز آباد کے رہائشی اور میٹرک کے طالب علم تھے جو حادثے کے وقت ٹیلر سے عید کے کپڑے لینے جا رہے تھے۔ جاں بحق نوجوانوں کی لاشیں اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں جبکہ ٹریلر ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے اور اس کی تلاش جاری ہے۔

حادثے کے بعد متوفی کے والد محمود غم سے نڈھال ہیں، انہوں نے کہا کہ میرے لیے قیامت ہوگئی ہے میری تو زندگی اجڑ گئی۔ میں کالج کا چوکیدار ہوں میری نوکری کا بس ایک سال باقی رہ گیا ہے بچوں کے بعد میرا کوئی آسرا نہیں رہا۔

نوجوان بیٹوں کو کھونے کا غم ماں کی دنیا اجاڑ گیا متوفی کی والدہ کا کہنا ہے کہ میری دنیا اجڑ گئی سب کچھ چلا گیا، میں نے 20 سال محنت کرکے اپنے بچے پالے تھے۔ انہیں پڑھایا، لکھایا، کام سیکھایا، سوچا کامیاب ہوں گے لیکن نہیں پتا تھا کہ وہ مجھے ایسے بے آسرا چھوڑ کر چلے جائیں گے۔ والدہ کا کہنا تھا دونوں بچے ٹیلر کے پاس عید کے کپڑے لینے گئے تھے۔

ادھر، ٹیپو سلطان کے علاقے بلوچ کالونی پل پر ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگیا، جاں بحق و زخمی ہونے والوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

موقع پر موجود شہریوں نے بتایا کہ بلوچ کالونی پل پر چڑھتے ہوئے کسی گاڑی نے سوزوکی پک اِپ کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں سوزوکی میں سوار دو افراد نیچے گرے اور اسی دوران عقب سے آنے والا ٹینکر دونوں افراد پر چڑھ گیا، جاں بحق و زخمی ہونے والوں کی فوری طور پر شناخت نہیں کی جا سکی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US