اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کیخلاف کریک ڈاؤن، خاتون سمیت 6 ملزمان گرفتار

image

اینٹی نارکوٹکس فورس نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 7 کارروائیوں کے دوران خاتون سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائیوں میں 29 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 36.36 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ کورنگی کراچی میں ایک کالج کے قریب کارروائی کے دوران 2 ملزمان کے قبضے سے 3.25 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔

دیگر کارروائیوں میں چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ایک کوریئر آفس پر برطانیہ سے آنے والے پارسل کے چاکلیٹ باکس سے 10 گرام ویڈ برآمد کی گئی۔ حب ٹول پلازہ کراچی کے قریب ٹرک سے 20 کلوگرام چرس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

اسی طرح لاہور میں بس ٹرمینل کے قریب ایک بس سے 7.2 کلوگرام چرس برآمد ہوئی جبکہ سخی سرور روڈ ڈی جی خان کے قریب ایک ملزم سے 2 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔

سریاب روڈ کوئٹہ میں بس ٹرمینل کے قریب ایک خاتون کے قبضے سے 2 کلوگرام آئس برآمد ہوئی جبکہ کچلاک بائی پاس کوئٹہ کے قریب ایک ملزم سے 1.9 کلو وزنی 2650 ممنوعہ گولیاں برآمد کی گئیں۔

اے این ایف حکام کے مطابق تمام کارروائیوں کے بعد انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US