پاکستان کرکٹ بورڈ نے حیران کن طور پر 26 مارچ سے ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کے 44 میں سے 26 میچز لاہور اور راولپنڈی میں رکھے ہیں۔
پی سی بی نے کل اعلان کیا تھا کہ پی ایس ایل کے میچز چھ گراؤنڈز پر کھیلے جائیں گے لیکن قریبی معائنے کے بعد شیڈول دیکھ کر پتہ چلتا ہے کہ 44 میں سے 15 میچز لاہور کی قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول ہیں جبکہ 11 میچز راولپنڈی اسٹیڈیم میں اور ماسوا ایک پلے آف کے جو پنڈی میں جائے گا باقی سارے پلے آف اور فائنل لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں صرف چھ میچز رکھے گئے ہیں جبکہ فیصل آباد کو سات میچز دیے گئے ہیں۔ فیصل آباد میں میں پہلی دفعہ پی ایس ایل کے میچز جارہے ہیں۔ باقی ملتان کو چار اور پشاور میں ایک میچ رکھا گیا ہے۔
پی ایس ایل 11 کا پہلا میچ اور فائنل بھی لاہور میں کھیلا جائے گا یہ پچھلے پانچ سال میں چوتھا موقع ہوگا کہ فائنل لاہور میں کرایا جا رہا ہے۔ پی ایس ایل 11 کی ٹرافی کی رونمائی آج کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم پر شام 6 بجے ہوگی جس میں پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی بھی شرکت کریں گے۔