پاکستان کے سابق کپتان اور مایہ ناز بیٹسمین بابر اعظم پشاور میں جاری قومی ٹی ٹوئنٹی چیمپین شپ میں حصہ نہیں لیں گے۔ حالانکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابر کا نام لاہور وائٹس کی ٹیم میں اعلان کیا تھا مگر اب پتہ چلا ہے کہ بابر اعظم چیمپین شپ میں نہیں کھیلیں گے۔
ان کے قریبی ذرائع نے بتایا ہے کہ بابر کو پاکستان ٹیم مینجمنٹ نے مشورہ دیا ہے کہ وہ کچھ دنوں کے لیے کرکٹ سے دور رہیں اور آرام کریں۔ ذرائع نے یہ بھی تصدیق کی کہ بابر پاکستان سپر لیگ کے گیارویں ایڈیشن میں پشاور زلمی کی پہلے میچ سے نمائندگی کریں گے اور سارے میچز کھیلیں گے۔
قومی سلیکٹرز نے بابر اعظم کو آج سے بنگلا دیش میں ہونے والی ون ڈے سیریز کے لیے سلیکٹ نہیں کیا ہے اور اس کی وجہ ان کی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ میں مایوس کن پرفارمنس بتائی گئی ہے۔
بابر اعظم کافی عرصے سے بیٹنگ میں پریشانیوں کا سامنا کر رہے ہیں اور اس طرح سے بڑے اسکور نہیں کر پا رہے جیسے وہ ماضی میں کیا کرتے تھے جس کی وجہ سے ان کی ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی کی سلیکشن پر بھی سوالات اٹھائے گئے تھے۔