کراچی: ڈیفنس میں اسکیمنگ کال سینٹر پر این سی سی آئی اے کا چھاپہ

image

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے کراچی ڈیفنس میں منظم انداز میں چلائے جانے والے کال سینٹر پر چھاپہ مار کر 4 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

ایس سی سی آئی اے کے مطابق ڈی ایچ اے فیز ٹو ایکسٹینشن کی ایک بلڈنگ میں قائم منظم اسکیم کال سینٹر پر چھاپہ مارا گیا، جہاں کئی افراد جعل سازی کے ذریعے غیر ملکی بینکوں کے کالنگ ایجنٹ کے طور پر کام کرتے ہوئے پائے گئے۔

ابتدائی تجزیے میں غیر قانونی اسکیمنگ کال سینٹر میں ملوث ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے جو غیر ملکی شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں۔

یہ ایجنٹس حساس بینکنگ معلومات حاصل کرنے کے لیے غیر ملکی بینکوں کے نمائندوں کی نقالی کرتے ہوئے ان کو اسپوفنگ کے ذریعے جعلی نمبروں سے کال کرتے تھے جس سے خفیہ بینکنگ تفصیلات جیسے سوشل سیکیورٹی نمبرز، فون نمبرز، تاریخ پیدائش اور CVV کوڈز غیر قانونی طور پر جمع کر لیتے تھے۔

حاصل کردہ ڈیٹا کو مبینہ طور پر مرچنٹس اکاؤنٹس کے ذریعے غیر مجاز مالی فوائد حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔

چھاپے میں 14 لیپ ٹاپ، 10 موبائل فون اور ہزاروں غیر ملکی شہریوں کے بینکنگ ڈیٹا سمیت جعل سازی اور دھوکا دہی کے لیے استعمال ہونے والے ڈیجیٹل آلات اور سافٹ ویئر برآمد ہوئے۔

تمام ڈیجیٹل آلات اور متعلقہ شواہد گواہوں کی موجودگی میں ضبط کر کے 5 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ 4 ملزمان کو حراست میں لے کر مزید تفتیش اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US