اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار اعداد و شمار کے مطابق ملک میں بینکوں کے فارن کرنسی اکاؤنٹس میں ڈالرز کی بڑی مقدار میں آمد ریکارڈ کی گئی ہے جس کے باعث زرمبادلہ ذخائر میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلسل کمی کا شکار بینکوں کے ڈالر ڈپازٹس میں اچانک بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ کمرشل بینکوں میں ڈالر ڈپازٹس بڑھنے کے باعث ملکی مجموعی زرمبادلہ ذخائر میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق مرکزی بینک کے ذخائر میں 4 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے جبکہ ایک ہفتے کے دوران پاکستان کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر 16 کروڑ 44 لاکھ ڈالر بڑھ گئے ہیں۔
اس اضافے کے بعد پاکستان کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر کی مالیت 21 ارب 60 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق کمرشل بینکوں کے پاس اس وقت 5 ارب 25 کروڑ 70 لاکھ ڈالر موجود ہیں جبکہ اسٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ ذخائر کی مالیت 16 ارب 34 کروڑ 10 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی ہے۔
مرکزی بینک کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ اضافے سے ملکی زرمبادلہ ذخائر کی مجموعی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔