پی ایس ایل 11 کے لیے کھلاڑیوں کی ٹریڈ ونڈو کا آغاز

image

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ 11 کے لیے کھلاڑیوں کی ٹریڈ ونڈو باضابطہ طور پر کھول دی ہے جو 18 مارچ تک کھلی رہے گی۔ فرنچائزز کو ٹورنامنٹ قوانین اور سیلری کیپ کے مطابق کھلاڑیوں کی ٹریڈ کرنے کی اجازت ہوگی۔

پی ایس ایل 11 کی ٹریڈ ونڈو میں تین طرح کی ٹریڈز ممکن ہیں، پلیئر فار پلیئر، پلیئر فار منی، اور پلیئر پلس منی۔ کسی بھی ٹریڈ کو حتمی شکل دینے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کی منظوری ضروری ہوگی۔

پی سی بی نے ملتان سلطانز کو سیلری کیپ میں خصوصی رعایت دیتے ہوئے 1 کروڑ 20 لاکھ روپے کا اضافہ کیا ہے جس سے وہ مزید دو کھلاڑی اپنے اسکواڈ میں شامل کر سکیں گے، اور اسکواڈ کی مجموعی تعداد 22 کھلاڑی تک پہنچ جائے گی۔ تاہم میچ ڈے اسکواڈ میں صرف 20 کھلاڑی شامل ہوں گے۔

ٹریڈ ونڈو کے دوران ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان چار کھلاڑیوں کی ٹریڈ مکمل ہوئی ہے۔ ملتان سلطانز کے اسکواڈ میں فیصل اکرم اور عرفات منہاس شامل ہو گئے ہیں، جو قبل ازیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ تھے۔ اس کے بدلے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو احمد دانیال اور جہانزیب سلطان منتقل کیے گئے اور ساتھ ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ساڑھے 12 لاکھ روپے بھی ملیں گے۔

پی ایس ایل 11 26 مارچ سے 3 مئی تک پاکستان کے چھ شہروں میں کھیلا جائے گا، اور فرنچائزز اپنی ٹیموں کو مضبوط کرنے کے لیے اس ٹریڈ ونڈو سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US