لکی مروت میں تھانہ شادی خیل کے علاقے میں پولیس موبائل کے قریب دھماکا ہوا ہے جس میں ایس ایچ او سمیت 6 اہلکار جاں بحق ہوگئے ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا آئی ای ڈی بم کے ذریعے کیا گیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایس ایچ او صدر اعظم، کانسٹیبل شاہ بہرام (ڈرائیور)، شاہ خالد، حاجی محمد، گل زادہ، سخی زادہ شامل ہیں جبکہ کانسٹیبل انصاف الدین کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے شدید مذمت کی اور آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی شہادت انتہائی افسوسناک ہے اور صوبائی حکومت شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی رکھتی ہے۔ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں اور سیکیورٹی فورسز واقعے میں ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لائیں گی۔