رمضان المبارک کے دوران ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور مہنگائی کی سالانہ شرح 6 اعشاریہ 44 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 14 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے دیگر اشیا کو بھی مہنگا کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 20.60 فیصد، ڈیزل میں 19.54 فیصد جبکہ ایل پی جی کی قیمت میں 12.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ پیاز کی قیمت میں 9.63 فیصد تک اضافہ ہوا جبکہ گندم کا آٹا، برائلر مرغی، کیلے، دال ماش، چنا اور دودھ کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ٹرانسپورٹ کے اخراجات بڑھے جس کے اثرات روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں پر بھی پڑ رہے ہیں۔