پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئے سہولت اکاؤنٹس کھولنے کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے سہولت اکاؤنٹس کے قواعد میں ترمیم کرتے ہوئے سرمایہ کاری کی حد 10 لاکھ روپے سے بڑھا کر 30 لاکھ روپے کر دی ہے۔
ایس ای سی پی کے مطابق سرمایہ کار اب ایک سے زائد بروکرز کے ساتھ سہولت اکاؤنٹس کھول سکیں گے، تاہم ہر بروکر کے ساتھ صرف ایک اکاؤنٹ رکھا جا سکے گا۔ سہولت اکاؤنٹ صرف شناختی کارڈ کے ذریعے کھولے جا سکتے ہیں اور یہ عمل آن لائن بھی مکمل کیا جا سکتا ہے۔
سہولت اکاؤنٹس پہلی بار اسٹاک مارکیٹ میں انفرادی سرمایہ کاروں کے لیے آسان اور سادہ طریقہ فراہم کرتے ہیں۔ موجودہ اعداد و شمار کے مطابق انفرادی سرمایہ کاروں کے سب اکاؤنٹس کی تعداد 5 لاکھ 42 ہزار ہے جبکہ انویسٹر اکاؤنٹس اور روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی تعداد 1 لاکھ 44 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
ایس ای سی پی نے سرمایہ کاروں کو مشورہ دیا کہ وہ غیر مجاز غیر ملکی سرمایہ کاری پلیٹ فارمز کے بجائے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ذریعے سرمایہ کاری کریں اور نوجوان سرمایہ کار بھی سہولت اکاؤنٹس کے ذریعے کیپٹل مارکیٹ میں حصہ لیں۔