بابر اعظم اور فخر زمان کی انجری پر پی سی بی کی انکوائری شروع

image

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سینیئر کھلاڑی بابر اعظم اور فخر زمان کی اچانک انجری سے متعلق معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ دونوں کھلاڑی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ کے فوراً بعد انجری کے باعث قومی ٹی ٹوئنٹی چیمپئن شپ میں شرکت نہیں کر رہے۔

قومی سلیکشن کمیٹی کے سینیئر رکن عاقب جاوید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ورلڈ کپ کے بعد سلیکشن کمیٹی کو اطلاع دی گئی کہ بابر اعظم اور فخر زمان انجری کا شکار ہیں، جو ہمارے لیے حیران کن بات تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی اس بات کی انکوائری کر رہا ہے کہ ان کھلاڑیوں کو انجری کب اور کیسے ہوئی اور کیا وہ ورلڈ کپ کے دوران بھی انجری کے ساتھ کھیلتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے ذریعے انجری کی نوعیت اور تمام حقائق سامنے لائے جائیں گے۔

عاقب جاوید نے مزید کہا کہ ٹیم کے ساتھ موجود ڈاکٹرز، فٹنس ٹرینرز اور فزیوتھراپسٹ کی ذمہ داری ہے کہ وہ کھلاڑیوں کی فٹنس کے حوالے سے درست معلومات بورڈ کو فراہم کریں۔

انہوں نے واضح کیا کہ سلیکشن کمیٹی پہلے ہی یہ منصوبہ بنا چکی تھی کہ ورلڈ کپ کے بعد بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز میں نئے کھلاڑیوں کو آزمایا جائے گا، تاہم سیریز سے قبل بتایا گیا کہ بابر اعظم اور فخر زمان انجری کے باعث دستیاب نہیں ہوں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US