پاکستان ہاکی فیڈریشن کی عبوری مینجمنٹ نے آسٹریلیا کے کالن بیچ کو قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے۔
کالن بیچ بہت ہی تجربہ کار کوچ ہیں جنہوں نے اس سے قبل بیلجیم، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی کوچنگ کی ہے۔ انہوں نے 1979 اور 1990 کے درمیان آسٹریلیا کے لیے 175 میچز کھیلے جس میں انہوں نے 100 گول کیے تھے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ترجمان نے تصدیق کی کہ کالن بیچ اس مہینے کے آخر سے پاکستان ٹیم کے ساتھ کام شروع کردیں گے اور ان کو اس سال جولائی اگست میں ہونے والے ورلڈ کپ کی تیاری میں اہم کردار ادا کریں گے۔
پاکستان ہاکی ٹیم نے کچھ دنوں پہلے مصر میں ہونے والے ایف آئی ایچ ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں فائنل کھیل کر ورلڈ کپ کی مین راؤنڈ سے اپنی جگہ بنالی۔ پاکستان نے یہ کامیابی 8 سال بعد حاصل کی۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کے سابق انٹرنیشنل کھلاڑی محمد وسیم کا نام زیر غور ہے کہ وہ کالن بیچ کے ساتھ اسسٹنٹ کوچ کے طور پہ کام کریں گے۔ پی ایچ ایف کی عبوری مینجمنٹ نے کوالیفائنگ راؤنڈ کے لیے خواجہ جنید کو عبوری ہیڈ کوچ بنا کر بھیجا تھا۔