پاکستان کی ٹیم مینجمنٹ نے بنگلا دیش کے خلاف ہونے والے آخری ون ڈے انٹرنیشنل کے دوران آخری اوور میں ڈی آر ایس دیے جانے پر ایمپائر کمار دھرما سینا کے خلاف شکایت درج کی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستان نے میچ کے ختم ہوتے ہی میچ ریفری نعیم راشد کے پاس شکایت درج کروائی۔ پاکستان نے اس بات پر شکایت کی ہے کہ ایمپائر نے بنگلا دیش کے کہنے پر ڈی آر ایس دینے سے پہلے اس چیز کو نہیں دیکھا کہ گراؤنڈ کی بڑی اسکرین پہ ریپلے چل چکا تھا جو قوانین کے خلاف ہے۔
عموماً قوانین کے تحت ہوتا یہ ہے کہ گراؤنڈ کی بڑی اسکرین پہ ریپلے اسی وقت چلایا جاتا ہے جب ڈی آر ایس کا فیصلہ ہوچکا ہوتا ہے۔ میچ میں آخری اوور کی پانچویں گیند پر جب پاکستان کو دو گیندوں پر 12 رنز کی ضرورت تھی لیک اسپنر رشاد حسین کی گیند کو ایمپائر نے وائڈ قرار دیا مگر ڈی آر ایس لینے کے بعد پتہ چلا کہ وہ گیند شاہین شاہ آفریدی کے پیڈ سے لگتے ہوئے گئی ہے جس کی وجہ سے ایمپائر نے وائڈ واپس لے لیا اور پاکستان ٹیم کو اس بات کی وجہ سے نقصان ہوا اور وہ میچ 11 رن سے ہار گئے۔
یاد رہے کہ تین میچ کی ون ڈے سیریز اتوار کے دن پاکستان دو ایک سے ہار گیا۔ 291 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان کی طرف سے سلمان علی آغا نے شاندار سنچری کی مگر پاکستان پھر بھی میچ 11 رن سے ہار گیا۔