پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11 ویں سیزن کے ٹکٹ بروز منگل 17 مارچ سے شائقین کے لیے دستیاب ہیں۔ پہلے مرحلے میں ٹکٹس دوپہر 12 بجے سے آن لائن خریدے جا سکیں گے جن کے لیے شائقین pcb.tcs.com.pk پر جا کر ٹکٹ حاصل کر سکتے ہیں۔
فزیکل ٹکٹس 24 مارچ سے ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز پر دستیاب ہوں گی۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 میں پہلی بار 8 ٹیمیں حصہ لیں گی اور مجموعی طور پر 44 میچز کھیلے جائیں گے۔ لاہور، کراچی، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد اور پشاور میں میچز ہوں گے، جبکہ فیصل آباد اور پشاور میں پہلی بار پی ایس ایل میچز کھیلے جائیں گے۔
ٹکٹوں کی قیمتیں مختلف اسٹیڈیمز میں مختلف ہیں۔ لاہور اور کراچی میں جنرل ٹکٹ 250 روپے سے شروع ہو رہی ہیں اسی طرح فیصل آباد میں 300 ،ملتان اور راولپنڈی میں 400 روپے سے شروع ہو رہی ہیں۔
ایک شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ 8 ٹکٹ خریدے جا سکتے ہیں۔ کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں محدود تعداد میں ای ٹکٹ کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔
پشاور کے عمران خان اسٹیڈیم میں 28 مارچ کو پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچ میں فیملی انکلوژر مختص ہوگا جہاں وی آئی پی فیملی زون ٹکٹ 2000 روپے میں دستیاب ہوں گے۔ کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کارپوریٹ باکسز اور مختلف گیلری ٹکٹس بھی دستیاب ہوں گی۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے کہا کہ ٹکٹ کی قیمتیں کم رکھنے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شائقین اسٹیڈیم آ کر میچز دیکھ سکیں۔