قوانین کی خلاف ورزی، ایس ای سی پی کا 41 سرکاری کمپنیوں کو شوکاز نوٹس

image

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے سرکاری کمپنیوں میں قوانین کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیتے ہوئے 41 کمپنیوں کو شوکاز نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔ ایس ای سی پی کے مطابق کمپنی لا کے قواعد کی خلاف ورزی کرنے پر مجموعی طور پر 66 نوٹس جاری کیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق 33 کمپنیوں نے سالانہ آڈٹ شدہ اکاؤنٹس جمع نہیں کروائے، 26 کمپنیوں نے سالانہ ریٹرنز جمع نہیں کیے جبکہ 7 کمپنیوں نے سالانہ جنرل اجلاس منعقد نہیں کیے۔ مزید 4 سرکاری کمپنیاں بغیر سی ای او کے کام کر رہی ہیں۔ ایس ای سی پی نے اسٹیٹ لائف کمپنی کا ذکر بھی کیا کہ اس نے دسمبر 2024 کو ختم ہونے والے مالی سال کے مالیاتی گوشوارے جمع نہیں کروائے۔

کمپنی لا کی کمپلائنس نہ کرنے والی کمپنیوں کی فہرست میں پوسٹل لائف انشورنس کمپنی لمیٹڈ، پاک لیبیا ہولڈنگ کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ، انرجی کنزرویشن فنڈ، ڈیولوشن ٹرسٹ فار کمیونٹی امپاورمنٹ، فیڈرل لیور ٹرانسپلانٹ انڈاؤمنٹ فنڈ، پاکستان جیمز اینڈ جیولری ڈیولپمنٹ کمپنی، کراچی گارمنٹ سٹی کمپنی، واپڈا انڈاؤمنٹ فنڈ فار اسپورٹس، فشریز ڈیولپمنٹ بورڈ، نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ، پی ایچ اے فاؤنڈیشن، فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن، اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن، پاکستان اسٹیل ملز کارپوریشن (پرائیویٹ) لمیٹڈ، پیپلز اسٹیل ملز لمیٹڈ، کراچی اربن ٹرانسپورٹ کارپوریشن لمیٹڈ، پاکستان ٹیکسٹائل سٹی لمیٹڈ، سکھر الیکٹرک پاور کمپنی لمیٹڈ، جینکو ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ، اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن (پرائیویٹ) لمیٹڈ، پاکستان منرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن (پرائیویٹ) لمیٹڈ، پاکستان ریلوے ایڈوائزری اینڈ کنسلٹنسی سروسز لمیٹڈ، پاکستان ریونیو آٹومیشن (پرائیویٹ) لمیٹڈ، پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن لمیٹڈ، پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ، پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ، ریلوے کنسٹرکشنز پاکستان لمیٹڈ، اسٹیٹ انجینئرنگ کارپوریشن (پرائیویٹ) لمیٹڈ، ٹیلی فون انڈسٹریز آف پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ، یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن آف پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ، ٹرائبل ایریاز الیکٹرک سپلائی کمپنی لمیٹڈ، لاکھڑا پاور جنریشن کمپنی لمیٹڈ، حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی لمیٹڈ، کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی لمیٹڈ، نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ (نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی)، جامشورو پاور کمپنی لمیٹڈ، انڈیجینس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ ایجنسی (ارادا) (پرائیویٹ) لمیٹڈ، (اسٹیڈیک ٹیکنالوجی کمرشلائزیشن کارپوریشن آف پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ)، گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی لمیٹڈ، نیشنل انجینئرنگ سروسز پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ، سیندک میٹلز لمیٹڈ، پاور پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ (سابقہ پاکستان الیکٹرک پاور کمپنی) شامل ہیں۔

ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ شوکاز نوٹسز پر قانونی کارروائی کے بعد جرمانے عائد کیے جائیں گے اور ریگولیٹری کمپلائنس نہ کرنے والی کمپنیوں کے نام ویب سائٹ پر جاری کیے جائیں گے۔

ایس ای سی پی نے یہ بھی بتایا کہ 48 سرکاری کمپنیوں کے بورڈز میں خواتین کی نمائندگی موجود نہیں اور خصوصی ونگ قائم کیا گیا ہے جو سرکاری کمپنیوں میں کمپلائنس کی نگرانی کرے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US