بھارتی میڈیا نے پھر سے ایک نئی مہم شروع کردی ہے جس کے ذریعے یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ آسٹریلین کھلاڑیوں کو ان کی حکومت نے پاکستان سفر کرنے سے منع کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی اس من گھڑت مہم کو ایک پی ایس ایل فرنچائز کے مالک نے پاکستان کرکٹ کو نقصان پہنچانے کی ایک اور ناکام کوشش قرار دیا ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ندیم عمر نے کہا کہ پی ایس ایل 11 میں بڑی تعداد میں آسٹریلوی کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں اور یہ سب اگلے چند دنوں میں پاکستان پہنچیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع نے بھی بتایا کہ سب کی فلائٹس کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ اور یہ بات ٹھیک ہے کہ آسٹریلوی حکومت نے کھلاڑیوں کو پشاور نہ جانے کا مشورہ دیا ہے باقی کسی اور شہر میں کھیلنے سے ان کو منع نہیں کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا اسی طرح ہمیشہ من گھڑت خبریں چلا کر پاکستان کرکٹ کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے اور یہ تاثر دینا چاہتا ہے کہ پاکستان میں کوئی غیر ملکی کھلاڑی آکے کھیلنا نہیں چاہتا جو سرا سر غلط ہے۔
پی ایس ایل 11 میں کئی نامور آسٹریلین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جن میں سابق کپتان ڈیوڈ وارنر، سٹیو سمتھ، ایڈم زمپا، مارنس لبوشین، ایسٹرن ٹونر، میکس برائٹ، اینگس فریزر، ایرن ہارڈی، سیم ہاپر اور پیٹر سڈل شامل ہے۔