خام تیل کا ایک جہاز ان لوڈ، دوسرا چند گھنٹوں میں کراچی پہنچنے والا ہے

image

حکومتِ پاکستان نے عالمی منڈی میں اتار چڑھاؤ کے باوجود ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کو مستحکم قرار دیتے ہوئے نگرانی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق پیٹرول کی قیمتوں کی نگرانی کے لیے قائم کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزراء، اسٹیٹ بینک کے گورنر اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ عالمی سطح پر غیر یقینی صورتحال کے باوجود ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کے وافر ذخائر موجود ہیں۔ حکام کے مطابق ڈیزل کے ذخائر تقریباً 24 دن جبکہ پیٹرول کی سپلائی بھی تسلی بخش سطح پر ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن نے بتایا کہ خام تیل کا ایک جہاز کراچی پہنچ کر ان لوڈ ہو رہا ہے جبکہ دوسرا جہاز چند گھنٹوں میں پہنچنے والا ہے۔ مزید کھیپیں راستے میں ہیں اور مارچ و اپریل کے لیے درآمدی انتظامات جاری ہیں۔

اجلاس میں عالمی مارکیٹ میں قیمتوں اور پریمیم میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا، جس کے باعث درآمدی لاگت اور ایل سیز کے حجم میں اضافہ ہوا ہے۔ وزیر خزانہ نے اسٹیٹ بینک اور پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کو ہدایت کی کہ مالی سہولتوں کو بہتر بنایا جائے تاکہ درآمدات کا سلسلہ متاثر نہ ہو۔

کمیٹی نے ملک میں بڑھتی ہوئی طلب کا بھی جائزہ لیا اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے صوبائی انتظامیہ کو نگرانی سخت کرنے کی ہدایت کی۔

عید تعطیلات اور فصلوں کی کٹائی کے سیزن کے پیش نظر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو مکمل تیاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں ایندھن کی فراہمی میں کسی تعطل کا خدشہ نہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانا اور قیمتوں کے دباؤ کو کم سے کم رکھنا ہے، جبکہ توانائی کے شعبے کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US