سابق سری لنکن کپتان جے سوریا کا روزہ، دوستوں کے ساتھ افطار کی تصویر وائرل

image

سری لنکا کے سابق مایہ ناز کرکٹر سنتھ جے سوریا نے رمضان المبارک میں روزہ رکھنے کا انکشاف کر کے مداحوں کو حیران کر دیا، جب کہ دوستوں کے ہمراہ افطار کی ان کی تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

سری لنکن ٹیم کے سابق کپتان سنتھ جے سوریا نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ مسلمان دوستوں کے ساتھ افطار کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ بدھ مت سے تعلق رکھنے والے جے سوریا نے انکشاف کیا کہ وہ کم عمری سے ہی رمضان المبارک کے دوران اپنے مسلمان دوستوں کے ساتھ روزہ رکھتے آئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ یہ روایت انہوں نے اپنے کرکٹ کیریئر کے دوران بھی جاری رکھی اور آج تک اسے برقرار رکھا ہوا ہے۔ حال ہی میں وائرل ہونے والی تصویر میں جے سوریا کو اپنے دوستوں کے ساتھ روایتی افطار کرتے دیکھا جا سکتا ہے، جہاں دسترخوان پر پھل، دیگر لوازمات اور مشہور لال شربت بھی موجود ہے۔

تصویر کے کیپشن میں جے سوریا نے لکھا کہ آج رمضان میں اپنے دوستوں کے ساتھ روزہ رکھا، یہ روایت میں نے اپنے کھیل کے دنوں سے اپنائی ہوئی ہے اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔

سابق کرکٹر کی اس روایت کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔ مداحوں نے اسے کھیل کے ذریعے مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے درمیان ہم آہنگی کی خوبصورت مثال قرار دیا۔

یاد رہے کہ سنتھ جے سوریا نے حال ہی میں ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کے خلاف سپر ایٹ مرحلے میں شکست کے بعد سری لنکن ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔

جے سوریا نے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں سری لنکا کی جانب سے 110 ٹیسٹ، 445 ون ڈے اور 31 ٹی 20 میچز کھیلے۔ انہوں نے ٹیسٹ میں 6973، ون ڈے میں 13430 اور ٹی 20 میں 629 رنز اسکور کیے، جبکہ ٹیسٹ میں 98، ون ڈے میں 323 اور ٹی 20 میں 19 وکٹیں بھی حاصل کر رکھی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US