وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری کی زیر صدارت اہم اجلاس میں غیر ملکی ٹرانس شپمنٹ جہازوں کے لیے پورٹ چارجز میں نمایاں کمی اور مالیاتی مراعات کا اعلان کردیا گیا۔
وزیر بحری امور نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کے لیے بڑے مراعاتی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نئی اسکیم کا اطلاق 18 مارچ 2026 سے کر دیا گیا ہے۔
محمد جنید انوار چوہدری کے مطابق ڈرائی بلک ایکسپورٹ کارگو پر ڈیوٹی اور چارجز میں 60 فیصد تک کمی کی گئی ہے، جبکہ ٹرانس شپمنٹ کارگو کی کم از کم شرط 10 فیصد سے کم کر کے 7.5 فیصد کردی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بیس ڈسکاؤنٹ کو 5 فیصد سے بڑھا کر 20 فیصد کر دیا گیا ہے، جبکہ اضافی کارگو پر مزید 5 فیصد رعایت بھی دی جائے گی۔
وزیر بحری امور کا کہنا تھا کہ زیادہ جہاز لانے والی شپنگ لائنز کے لیے خصوصی مراعات میں اضافہ کیا گیا ہے اور 50 فیصد جی آر ٹی ٹرانس شپمنٹ کارگو پر 60 فیصد فلیٹ رعایت مقرر کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بڑے کنٹینر جہازوں کو ویٹ چارجز میں 50 فیصد تک چھوٹ دی گئی ہے، جبکہ ماحول دوست فیول استعمال کرنے والے جہازوں کے لیے اضافی 5 فیصد رعایت بھی رکھی گئی ہے۔
وزیر بحری امور نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد کراچی کی بندرگاہوں کو عالمی شپنگ کے لیے کم لاگت اور مؤثر گیٹ وے بنانا ہے۔