صدر پنجاب اسکواش ایسوسی ایشن نورالامین مینگل نے پنجاب اسکواش کمپلیکس ڈیوس روڈ کا دورہ کیا۔
نورالامین مینگل نے انٹرنیشنل اسٹینڈرڈ اسکواش کورٹس کی اپ گریڈیشن کے کام کا جائزہ لیا۔
سینئر نائب صدر سہیل خان، نائب صدر منصور احمد اور ڈائریکٹر کوچنگ مامون خان نے جاری کاموں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 9 اسکواش کورٹس کی اپ گریڈیشن جاری ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ کھلاڑیوں کی سہولت کے لیے اسپورٹس شاپ بھی کمپلیکس میں بنائی جائے گی، وسائل کی بچت کے لیے پنجاب اسکواش کمپلیکس کو شمسی توانائی پر منتقل کر دیا گیا۔
صدر پنجاب اسکواش ایسوسی ایشن نورالامین مینگل نے مختلف کورٹس کا معائنہ کیا اور کام کی بروقت تکمیل کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کی سہولت کے لیے ہاسٹلز کی تزئین و آرائش کی جائے۔
انھوں نے کہا کہ عالمی معیار کے کورٹس پر کھیلنے سے کھلاڑیوں کے ہنر میں اضافہ ہوگا، کھلاڑی عالمی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کرتے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق کھلاڑیوں کے لیے سہولیات کو بڑھایا جا رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسکواش منفرد کھیل ہے، اس کے فروغ کے لیے کاوشیں جاری ہیں۔