پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملک میں ہاکی کے فروغ اور نچلی سطح پر باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لانے کے لیے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں "38 ویں نیشنل جونیئر ہاکی چیمپئن شپ" کے انعقاد کا اعلان کردیا ہے۔ مذکورہ چیمپئن شپ اپریل کے دوسرے ہفتے میں منعقد ہوگی۔
ترجمان پی ایچ ایف کے مطابق یہ چیمپئن شپ محض ایک ٹورنامنٹ نہیں بلکہ قومی سطح پر نئے ٹیلنٹ کی نشاندہی کا ایک اہم ذریعہ ثابت ہوگی۔ ایونٹ کا بنیادی مقصد ایسے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو تلاش کرنا ہے جو مستقبل میں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کر سکیں اور قومی ہاکی پول کو مزید مضبوط بنائیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے تمام ملحقہ یونٹس، بشمول تمام صوبائی ہاکی ایسوسی ایشنز، محکمہ جاتی ٹیموں اور دیگر وابستہ اداروں کو چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے باضابطہ دعوت نامے ارسال کر دیے ہیں۔ فیڈریشن نے تمام دلچسپی رکھنے والی ٹیموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 3 اپریل 2026 تک اپنی شرکت کی تحریری تصدیق یقینی بنائیں۔
پی ایچ ایف حکام کا کہنا ہے کہ ٹیموں کی جانب سے شرکت کی تصدیق موصول ہوتے ہی۔ اپریل کے دوسرے ہفتے میں چیمپئن شپ کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔
مزکورہ چیمپئن شپ کے ذریعے جونیئر سطح پر مسابقت کی فضا پیدا کرنا اور کھلاڑیوں کی ایسی نرسری تیار کرنا ہے جو مستقبل کے قومی اسکواڈ کی بنیاد بن سکے۔