سی ٹی ڈی سندھ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم بی آر جی کے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
ڈی آئی جی اظفر مہیسر کے مطابق سی ٹی ڈی، وفاقی حساس ادارے اور رینجرز نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنایا۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد ریلوے ٹریک کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، ملزمان کے قبضے سے 2 دیسی ساختہ IED اور 3 پستول بمعہ ایمونیشن برآمد ہوئے۔
دہشت گردوں نے شکارپور اور جیکب آباد میں ریلوے ٹریک پر متعدد دھماکوں کا اعتراف کرلیا ہے، گرفتار ملزمان میں کمانڈر جھنور، علی جان، نور محمد، جامک خان اور نیاز شامل ہیں۔
ملزمان نے جون 2025 سے جنوری 2026 تک ریلوے ٹریک اور ٹرین پر 5 حملوں کا انکشاف کیا، جعفر ایکسپریس پر حملہ بھی گرفتار دہشت گردوں کی کارروائیوں میں شامل ہے، دہشت گردوں نے بلوچستان کے علاقے لہڑی بلوچستان میں تربیت حاصل کرنے کا انکشاف کیا ہے۔
اظفر مہیسر کا مزید کہنا ہے کہ بارودی مواد بلوچستان سے لا کر سندھ میں دہشت گردی کیلیے استعمال کیا جاتا تھا، دہشت گرد گرفتاری سے بچنے کیلیے فیملی کے ساتھ بارودی مواد منتقل کرتے رہے۔
سی ٹی ڈی کا سہولت کاروں اور سرپرستوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن جاری ہے جبکہ ملزمان سے اہم انکشافات اور مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہے۔