ناظم آباد اردو بازار میں کتابوں کی دکان کو جلانے کی کوشش، جزوی نقصان

image

کراچی کے علاقے ناظم آباد کے سرسید اردو بازار میں نامعلوم ملزمان نے کتابوں کی دکان کو آگ لگا کر جلانے کی کوشش کی، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی ہے۔

عید کے پہلے روز رات سوا نو بجے ایک گاڑی اور موٹر سائیکل سوار دو افراد دکان کے باہر رکے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ موٹر سائیکل سوار ایک ملزم ہیلمٹ پہنے ہوئے تھا جبکہ دوسرے ملزم کے ہاتھ میں پلاسٹک کی بوتل میں پیٹرول یا کیمیکل موجود تھا۔ ہیلمٹ پہنا ملزم بوتل لے کر دکان کے شٹر میں مواد ڈالنے کی کوشش کرتا ہے اور ماچس سے آگ لگانے کے بعد دونوں موقع سے فرار ہو جاتے ہیں۔ خوش قسمتی سے، آگ صرف جزوی نقصان تک محدود رہی۔

متاثرہ دکاندار کے مطابق علاقے کے شہریوں نے بروقت دکان کے تالے توڑ کر آگ کو پھیلنے سے روکا، ورنہ پورا بازار جل سکتا تھا۔ دکاندار نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

ایس ایچ او رضویہ کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ بظاہر ذاتی دشمنی یا لین دین کا نتیجہ لگتا ہے اور پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US