پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے چھ سال کے وقفے کے بعد لندن کے لیے براہِ راست پروازیں بحال کرنے کا اعلان کردیا ہے، جو ملکی ہوا بازی کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق اسلام آباد سے لندن کے لیے نان اسٹاپ پروازیں 29 مارچ 2026 سے شروع ہوں گی، جبکہ لاہور سے لندن کے لیے پروازوں کا آغاز 30 مارچ سے کیا جائے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں اسلام آباد سے ہفتہ وار 3 پروازیں جبکہ لاہور سے ہفتہ وار 1 پرواز آپریٹ کی جائے گی۔
پی آئی اے کے مطابق لندن روٹ پر بوئنگ 777 طیارے استعمال کیے جائیں گے، جبکہ ان پروازوں کے لیے بکنگ کا باقاعدہ آغاز بھی کردیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ براہِ راست پروازوں کی بحالی سے مسافروں کو تیز، آسان اور زیادہ سہولت بخش سفری آپشن میسر آئے گا، جبکہ یہ اقدام پی آئی اے کے بین الاقوامی نیٹ ورک کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
پی آئی اے حکام کے مطابق 2020 میں معطلی سے قبل لندن کے لیے ہفتہ وار 10 پروازیں چلائی جاتی تھیں۔ قومی ایئرلائن نے لندن کے لیے اپنی پہلی پرواز 1955 میں شروع کی تھی، جس کے باعث یہ روٹ پی آئی اے کے ابتدائی بین الاقوامی روٹس میں شامل رہا ہے۔
پروازوں کی بحالی کے بعد برطانیہ کے لیے پی آئی اے کی مجموعی ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 7 ہوجائے گی، جبکہ مستقبل میں اس تعداد میں بتدریج اضافے کا بھی منصوبہ بنایا گیا ہے۔