خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ کے ٹل بلاک میں ایک بڑا گیس ذخیرہ دریافت کیا گیا ہے جو ملکی انرجی سیکیورٹی کے لیے اہم پیشرفت قرار دی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ ذخیرہ ٹل بلاک میں کھودے گئے کنویں سے حاصل ہوا ہے جس سے یومیہ دو کروڑ 65 لاکھ اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس پیدا ہونے کی توقع ہے۔
او جی ڈی سی ایل نے دریافت کو قابل ذکر کامیابی قرار دیتے ہوئے اسٹاک ایکسچینج کو خط بھی بھیجا ہے۔ کنویں میں پی پی ایل، پی او ایل، ایم او ایل اور جی ایچ پی ایل بھی حصہ دار ہیں۔
او جی ڈی سی ایل کے مطابق اس دریافت کے بعد ٹل بلاک میں دیگر کنوؤں کی کامیابی کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں اور یہ ملک کی توانائی کی طلب اور رسد کے فرق کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔