چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے گیارہویں پاکستان فٹ ویئر، میٹریل اینڈ مشینری شو 2026 سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا فٹ ویئر سیکٹر ملکی معیشت کا ایک اہم ستون بن چکا ہے، جو نہ صرف ہزاروں افراد کو روزگار فراہم کر رہا ہے بلکہ برآمدات میں اضافے کے ذریعے قومی معیشت کو بھی مضبوط بنا رہا ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے تقریب کے منتظمین کو کامیاب بین الاقوامی ایونٹ کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی فٹ ویئر برآمدات 60 سے زائد ممالک تک پہنچ چکی ہیں، جبکہ 176 ملین ڈالر کی برآمدات عالمی سطح پر پاکستان پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا چھٹا بڑا جوتے بنانے والا ملک قرار دیا جا چکا ہے، جو اس صنعت کی پیداواری صلاحیت اور ترقی کا واضح ثبوت ہے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بین الاقوامی نمائشیں ٹیکنالوجی ٹرانسفر، کاروباری روابط اور سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ صنعتی ترقی، برآمدات میں اضافے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے زور دیا کہ پارلیمنٹ، حکومت اور صنعت کے مشترکہ اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں، جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور معیار کی بہتری سے پاکستان اس شعبے میں مزید کامیابیاں حاصل کر سکتا ہے۔
انہوں نے نوجوانوں کی مہارت میں اضافے کے لیے صنعت اور تعلیمی اداروں کے اشتراک کی ضرورت پر بھی زور دیا اور نمائش کے منتظمین اور شرکاء کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔