ایک ماہ سے خلیج فارس میں پھنسے پاکستان کے دو بحری جہاز ایران کی خصوصی اجازت کے بعد آبنائے ہرمز سے بحفاظت نکل گئے ہیں، جسے ملکی توانائی سپلائی لائن کے استحکام کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کا ملتان نامی جہاز خالی حالت میں آبنائے ہرمز سے گزارا گیا جبکہ ایک چارٹر جہاز 73 ہزار میٹرک ٹن کروڈ آئل لے کر پاکستان کی جانب رواں دواں ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں جہاز 31 مارچ کی صبح پاکستان پہنچیں گے۔ یہ جہاز گزشتہ روز خلیجی ممالک کے قریب سے آبنائے ہرمز کا سفر شروع کر چکے تھے۔
دوسری جانب تیل کی سپلائی کے حوالے سے ایک اور مثبت پیش رفت بھی سامنے آئی ہے، جہاں خیر پور نامی جہاز 55 ہزار میٹرک ٹن پیٹرول لے کر پورٹ قاسم کے فوٹکو ٹرمینل پر لنگر انداز ہو گیا ہے۔
یہ پیٹرول پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کی جانب سے منگوایا گیا تھا۔ علاوہ ازیں سنگاپور سے آنے والا ایک کنٹینر شپ بھی آج پورٹ قاسم پہنچ گیا ہے۔