پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارویں ایڈیشن میں لاہور قلندرز کے فخر زمان کو گیند کی حالت میں چھیڑ چھاڑ کرنے پر لیول تھری جرم کے تحت چارج کر دیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اعلامیے کے مطابق فخر زمان نے پی ایس ایل کی پلےئنگ کنڈیشنز کے آرٹیکل 41.3 کی خلاف ورزی کی جو گیند کی حالت خراب کرنے سے متعلق ہے۔ فخر زمان نے اپنے اوپر لگے چارج کی سختی سے تردید کی۔
پی سی بی کے مطابق میچ ریفری روشن ماہنامہ نے ڈسپلنری سماعت کی اور فخر زمان کے کیس کی مزید سماعت اگلے 48 گھنٹوں میں ہوگی جس کے بعد حتمی فیصلہ سنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز کی اننگز کے دوران گیند کی حالت میں تبدیلی پر لاہور قلندرز کو 5 رنز کی پینلٹی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ لاہور میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے پہلے کھیلتے ہوئے 9 وکٹ پر 128 رنز بنائے جبکہ کراچی کنگز نے آخری اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔