پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے اپنی ٹیم کے اعزاز میں پروقار عشائیے کا اہتمام کیا، جس میں پشاور زلمی کے تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز نے شرکت کی۔
اس تقریب کی خاص بات زلمی اسکواڈ کی روایتی لباس میں شرکت تھی، جہاں تمام کھلاڑی قومی لباس اور ویسٹ کوٹ زیب تن کیے ہوئے باوقار انداز میں تقریب میں پہنچے۔
اس موقع پر جاوید آفریدی نے ٹیم کے حوصلے بلند کرنے کے لیے کھلاڑیوں کو خیبر پختونخوا کی ثقافت کے عکاس خصوصی تحائف پیش کیے۔
اسکواڈ میں شامل تمام ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کو روایتی شال اور چترالی ٹوپیاں پہنائی گئیں۔
ٹیم میں موجود غیر ملکی کرکٹرز نے ان روایتی تحائف پر گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور مقامی ثقافت کا حصہ بننے پر بے حد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان تحائف کو خوب سراہا۔
عشائیے کے دوران کھلاڑیوں نے خوشگوار ماحول میں وقت گزارا اور ٹیم کے درمیان ہم آہنگی کو مزید فروغ ملا۔