پی ایم اینڈ ڈی سی نے آئندہ سال سے میڈیکل کالجز میں داخلے کی پالیسی میں تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کے مطابق یہ فیصلہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر اکیڈمی مافیا سے نجات دلانے کے لیے کیا گیا ہے۔
فیصلے کے مطابق ایف ایس سی امتحان اور ایم ڈی کیٹ کے درمیان کا وقفہ ختم کر کے، ایم ڈی کیٹ کا امتحان ایف ایس سی کے 6 روز بعد لیا جائے گا۔
پہلے یہ وقفہ 4 سے 6 ماہ تھا جس میں اکیڈمی مافیا طلبہ سے لاکھوں روپے بٹور لیتے تھے۔ وزیر صحت نے کہا کہ اس تبدیلی سے متوسط گھرانوں کے بچے بھی بغیر مہنگی تیاری کے ایم ڈی کیٹ میں حصہ لے سکیں گے اور دو مرتبہ تیاری کرنے کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔