بورے والا کی ہونہار طالبہ فضیلت نے میٹرک کے امتحانات میں تیسری پوزیشن حاصل کرکے اپنے والدین، اساتذہ اور ادارے کا نام روشن کردیا۔
کامیابی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے فضیلت نے کہا کہ وہ سب سے پہلے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہیں، کیونکہ اس کامیابی کے لیے انہیں بہت محنت کرنا پڑی۔ انہوں نے اپنی کامیابی کا کریڈٹ اپنے پرنسپل اور اساتذہ کو دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی سفر کے دوران انہیں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم والدین اور بہن بھائیوں نے ہر مرحلے پر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔
فضیلت نے بتایا کہ ان کے والد چارپائی کے پائے بنانے کا کام کرتے ہیں، لیکن محدود وسائل کے باوجود والدین نے ان کی تعلیم اور کامیابی کے لیے ہر ممکن تعاون کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں سی ایس ایس کا امتحان پاس کرکے ملک کی خدمت کرنا چاہتی ہیں۔
فضیلت کی والدہ نے بیٹی کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بیٹی نے بہت محنت کی ہے اور یہ سب اللہ تعالیٰ کا فضل و کرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیٹی کی محنت رنگ لائی اور آج پوری فیملی کو اس کی کامیابی پر فخر ہے۔