وزیراعظم محمد شہباز شریف سے عالمی ڈیجیٹل آپریٹر VEON گروپ کے چیف ایگزیکٹو افیسر کان ترزی اوعلو نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت، 5 جی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مزید سرمایہ کاری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم نے وفد کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ حکومت ملک میں ڈیجیٹل آپریٹرز انڈسٹری میں سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ 5 جی اسپیکٹرم کی کامیاب نیلامی اس شعبے میں جدت، ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے حکومت کی مثبت اور مؤثر سمت کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں جدت کو اپنانے اور بین الاقوامی سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے ایک موثر اور جامع حکمت عملی کے تحت کام کر رہا ہے، جبکہ وفاقی حکومت سرمایہ کاروں کی سہولت اور آسانی کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت کی ترجیحات میں کیش لیس معیشت کے حصول کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال بھی شامل ہے، جبکہ ملک میں ٹیلی کام آپریٹرز کو 5 جی اسپیکٹرم کی نیلامی کے بعد عوام کو معیاری انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی ہم آہنگی سے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر تعمیری شرکت کے ذریعے ملکی معیشت اور جدید سروسز کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے، اور یہی رجحان بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے بھی دلچسپی کا باعث ہے۔
اس موقع پر VEON گروپ کے چیف ایگزیکٹو افیسر کان ترزی اوعلو نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے شفافیت، سرمایہ کاری کے فروغ اور ڈیجیٹل معیشت کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے 5 جی اسپیکٹرم کی نیلامی اور ڈیجیٹل اکانومی کے حصول کے لیے پاکستان کی تیز رفتار پیش رفت کو لائق تحسین قرار دیا اور اپنی کمپنی کی جانب سے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری بڑھانے کے ارادے کا بھی اظہار کیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، جاز ورلڈ کے چیف ایگزیکٹو افیسر عامر ابراہیم اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔