پی سی بی کی پی ایس ایل فرنچائزز کو سیکیورٹی پالیسی کے حوالے نئی وضاحت

image

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تمام فرنچائزز کو ای میل کے ذریعے سیکیورٹی پالیسی کے حوالے سے نئی وضاحت جاری کی ہے۔

بورڈ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے واضح کر دیا ہے کہ کوئی بھی کھلاڑی یا کوچ ٹیم ہوٹل میں پیشگی اجازت کے بغیر اپنے خاندان کے کسی بھی فرد کو اپنے کمرے میں نہیں بلا سکتا۔

ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی کی جانب سے فرنچائزز کو یہ ہدایت اس وقت دی گئی جب لاہور قلندرز کے غیر ملکی کھلاڑی سکندر رضا نے سوشل میڈیا پر ایک ایسی پوسٹ کی جس سے یہ تاثر ملا کہ پی سی بی نے انہیں اپنے فیملی ممبر سے کمرے میں ملنے کی اجازت دے دی ہے۔

پی سی بی نے وضاحت کی ہے کہ اگر کوئی کھلاڑی یا ٹیم آفیشل اپنے اہل خانہ سے ہوٹل میں ملنا چاہتا ہے تو اسے کم از کم 24 گھنٹے پہلے بورڈ کے سیکیورٹی ہیڈ سے اجازت لینی پڑے گی، جس کے بعد پی سی بی کی کوشش ہوگی کہ کھلاڑی کی اپنے گھر والوں سے ہوٹل کے کسی مناسب مقام پر ملاقات کرائی جائے۔

پی سی بی نے مزید کہا کہ اجازت ملنے کی صورت میں بھی کھلاڑی صرف اپنی اہلیہ، والدین یا بہن بھائیوں کو ہی کمرے میں لے جا سکتا ہے۔

بورڈ نے یہ بھی واضح کر دیا ہے کہ سیکیورٹی پالیسی کی کسی بھی قسم کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی اور قصوروار کو سخت سزا دی جائے گی۔

پی سی بی کے مطابق یہ سیکیورٹی پالیسی تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کی حفاظت اور سلامتی کے پیشِ نظر وضع کی گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US